بنگلورو،15؍ستمبر(ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے آج یہ بیان دے کر ریاست کے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچادی ہے کہ بی جے پی انڈر ورلڈ کی مدد سے ان کی حکومت کو گرانے کی کوشش کررہی ہے۔ اس کے لئے انہوں نے ناروے سوم شیکھر ، سی پی یوگیشور اور آر اشوک پر شدید نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان انڈر ورلڈ عناصر کی طرف سے حکومت کو گرانے کی کوششوں کے پیچھے کچھ ذمے داروں کا بھی ہاتھ ہے۔
بلگاوی میں جارکی ہولی برادران کی طرف سے کانگریس میں شروع کئے گئے اختلاف کا فائدہ اٹھاکر مخلوط حکومت کو کمزور کرنے کی کوششوں کا حوالہ دیتے ہوئے کمار سوامی نے کہا کہ انہوں نے اے آئی سی سی جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال سے کہا ہے کہ کانگریس پارٹی میں جو بغاوت سر اٹھارہی ہے اس کو کچلا جائے۔
اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کمار سوامی نے بی جے پی پر شدید نکتہ چینی کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی انڈر ورلڈ کے مجرم پیشہ عناصر کا سہارا لے کر ان کی حکومت کو گرانے کی کوشش کررہی ہے۔اراکین اسمبلی کو انڈر ورلڈ سے دھمکیاں اور دولت کا لالچ دیا جارہاہے۔ انہوں نے کہاکہ بی بی ایم پی میں ہزاروں کروڑ روپیوں کے گھپلے کرنے کے بعد یہاں کی فائلوں کو آگ لگانے والے آج حکومت گرانے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں ، اس کے پیچھے کس کا ہاتھ اور اس کا کون سرغنہ ہے اسے وہ بخوبی جانتے ہیں ، لیکن حکومت گرانے کی کوششوں سے وہ قطعاً پریشان نہیں ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ پیر سے وہ ریاست کے انتظامیہ کو مستعد کریں گے اور سرکاری میٹنگوں کا سلسلہ تیز کیا جائے گا۔ کمار سوامی نے کہاکہ اس وقت وزیراعلیٰ کی ہدایت پر 2011میں بی بی ایم پی کے فائلوں کو آگ لگانے والے بنگلور کے ایک بی جے پی لیڈر اب انڈر ورلڈ کے ساتھ مل کر حکومت گرانے کی کوشش کررہے ہیں۔حکومت کو گرانے کی کوشش میں انڈر ورلڈ کے ان عناصر کا ساتھ لیا گیا ہے جنہوں نے حال ہی میں سکلیشپور کے ایک کافی پلانٹر کو گولی ماری تھی۔
انہوں نے کہاکہ ایک غنڈہ نارویش سوم شیکھر کی مدد سے بی جے پی کے قائدین بنگلور میں اپنے میٹرسود کے دھندے کو مضبوط کرتے رہے ہیں اب شاید اسی رقم سے حکومت کو گرانے کی سازش رچا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے الزام لگایا کہ بنگلور میں سٹے بازی اور دیگر مجرمانہ سرگرمیوں میں مصروف عناصر کا بھی بی جے پی نے سہارا لیا ہے۔
چن پٹن کے سابق رکن اسمبلی سی پی یوگیشور کو بھی انہوں نے سازش میں شامل قرار دیا ہے، اور کہاہے کہ وکلیگا فرقے سے ہی وابستہ ہونے کے باوجود یہ تینوں اس حکومت کو کمزور کرنے کی کوشش کررہے ہیں انہیں ان کا طبقہ کبھی نہیں بخشے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ انہیں یہ بھی اطلاع ملی ہے کہ ان کی حکومت گرانے کے لئے جو لوگ متحرک ہیں ان کا ساتھ کچھ اعلیٰ پولیس افسر بھی دے رہے ہیں ، وقت آنے پر انہیں بھی بے نقاب کیا جائے گا۔